Naat Academy Islamic Literary & Poetry Movement

NAAT ACADEMY INDIA

Home Naat Islam Ke Urooj Ka Parcham Husain Hain

اسلام کے عروج کا پرچم حسین ہیں

Islam Ke Urooj Ka Parcham Husain Hain

Naat Urdu Bahr-e-Mutaqarib

Written By

Fareedi

Radeef حسین ہیں
Qafia -
Published -

اسلام کے عروج کا پرچم حسین ہیں
حقانیت کےنقشِ مُعظّم حسین ہیں
مہکی ہےجس سے صبر و عزیمت کی کائنات
انسانیت کے وہ گلِ اکرم حسین ہیں
پھیلی ہے شَشْ جِہاتْ میں سیرت کی روشنی
بیشک چراغِ محفلِ آدم حسین میں
سُرخی ہے آسماں کے کناروں پہ اسلیے
اعداے دیں پہ آج بھی برہم حسین ہیں
جاری ہے ہر یزید سے اب بھی مقابلہ
حق کی ڈگر پہ سب سےمُنظّم حسین ہیں
ملتاہےاُنکے در سے نئی زندگی کاجوش
عزم و یقیں کے جلوۂ مُحکَم حسین ہیں
ذکرِ حسین ، قوتِ مُسلِم کا ہے سبب
تاحشر ایک جرأتِ پیہم حسین ہیں
نام یزید، لعنت و ذلت کا اک نشاں
چرخِ شرف کے نیّرِ اعظم حسین ہیں
دنیا حسینیوں پہ کرے لاکھ بندشیں
ہرکربلا میں فیض کے زمزم حسین ہیں
مایوسیوں میں اک نئی قوت ہے انکی یاد
رنج و الم میں صبرکے مرہم حسین ہیں
حُبِّ حسینِ پاک ، مدارِ نجات ہے
یعنی کہ آخرت میں بھی ہمدم حسین ہیں
اُنکی ڈگر ، رضاے خدا کا ہے راستہ
تفسیرِ ” لِلَّتِيْ هِی أَقْوَمْ ،، حسین ہیں
ہرباب لاجواب ہے ان کی حیات کا
نورِ جمالِ سیدِ عالَم حسین ہیں
ہستی میں کیوں نہ صبر وشجاعت کے رنگ ہوں
خوے علی و زہرا کے سنگم حسین ہیں
اِس ماہ کو بھی نسبتِ شبیر پر ہے ناز
وجہِ وقارِ ماہِ مُحَرَّم حسین ہیں
ہوگی نہ کم فریدؔی ، ثناے حسینیت
فکر و زباں پہ سب سے مقدم حسین ہیں

Related Kalaam