Hamd
Bartar qayas se hai maqam-e-abul hussain
برتر قیاس سے ہے مقامِ ابُوالحسین
Urdu Kalam
مطلع
برتر قیاس سے ہے مقامِ ابُوالحسین
سدرہ سے پوچھو رفعتِ بامِ ابُوالحسین
وارستہ پائے بستۂ دامِ ابُوالحسین
آزاد نار سے ہے غلامِ ابُوالحسین
خطِ سیہ میں نورِ الٰہی کی تابشیں
کیا صبحِ نُور بار ہے شامِ ابُوالحسین
ساقی سُنا دے شیشۂ بغداد کی ٹپک
مہکی ہے بُوئے گُل سے مدامِ ابُوالحسین
بُوئے کباب سوختہ آتی ہے مے کشو
چھلکا شرابِ چشت سے جامِ ابُوالحسین
گلگوں سحر کو ہے سَہَر سوزِ دل سے آنکھ
سلطانِ سہرورد ہے نامِ ابُوالحسین
کرسی نشیں ہے نقش مُراد اُن کے فیض سے
مولائے نقش بند ہے نامِ ابُوالحسین
جس نخلِ پاک میں ہیں چھیالیس ڈالیاں
اِک شاخ ان میں سے ہے بنامِ ابُوالحسین
مستوں کو اے کریم بچائے خمار سے
تا دور حشر دورئہ جامِ ابُوالحسین
اُنکے بھلے سے لاکھوں غریبوں کا ہے بھلا
یاربّ زمانہ باد بکامِ ابُوالحسین
میلا لگا ہے شانِ مسیحا کی دِید ہے
مُردے جِلا رہا ہے خرامِ ابُوالحسین
سرگشتہ مہر و مہ ہیں پَر اب تک کھلا نہیں
کس چرخ پر ہے ماہ تمامِ ابُوالحسین
اتنا پتہ ملا ہے کہ یہ چرخ چنبری
ہے ہفت پایہ زینۂ بامِ ابُوالحسین
ذرّہ کو مہر، قطرہ کو دریا کرے ابھی
گر جوش زن ہو بخشش عامِ ابُوالحسین
یحیٰی کا صَدقہ وارثِ اقبال مند پائے
سجادئہ شیوخ کرامِ ابُوالحسین
انعام لیں بہارِ جِناں تہنیت لکھیں
پھولے پھلے تو نخلِ مرامِ ابُوالحسین
اللہ ہم بھی دیکھ لیں شہزادہ کی بہار
سُونگھے گلِ مراد مشامِ ابُوالحسین
آقا سے میرے ستھرے میاں کا ہوا ہے نام
اس اچھے ستھرے سے رہے نامِ ابُوالحسین
یاربّ وہ چاند جو فلکِ عزّ و جاہ پر
ہر سیر میں ہو گام بگامِ ابُوالحسین
آؤ تمہیں ہلال سپہر شرف دکھائیں
گردن جھکائیں بہر سلامِ ابُوالحسین
قدرت خدا کی ہے کہ طلاطم کناں اٹھی
بحر فنا سے موج دوامِ ابُوالحسین
یاربّ ہمیں بھی چاشنی اس اپنی یاد کی
جس سے ہے شکّریں لب و کامِ ابُوالحسین
مقطع
ہاں طالِع رضاؔ تِری اللہ رے یاوری
اے بندئہ جدود کرامِ ابُوالحسین
Kalam Details
Bahr
Bahr-e-Muzare Musamman Akhram
Radif
ن
Total Ashaar
23
Total Misra
46
Writer
Aala Hazrat Imam Ahmed Raza Khan
Book
Hadaiq-e-Bakhshish