Naat Academy Naat Academy
Get App WhatsApp
Hamd

Banda milne ko qareeb Hazrat-e-Qaadir gaya

بندہ ملنے کو قریبِ حضرت قادر گیا

Urdu Kalam
مطلع
بندہ ملنے کو قریب حضرتِ قادر گیا
لمعۂ باطن میں گمنے جلوۂ ظاہر گیا
تیری مرضی پاگیا سورج پِھرا اُلٹے قدم
تیری اُنگلی اُٹھ گئی مہ کا کلیجا چر گیا
بڑھ چلی تیری ضیا اَندھیر عالم سے گھٹا
کھل گیا گیسو ترا رحمت کا بادل گھر گیا
بندھ گئی تیری ہوا ساوَہ میں خاک اُڑنے لگی
بڑھ چلی تیری ضیا آتش پہ پانی پھر گیا
تیری رَحمت سے صَفِیُّ اللہ کا بیڑا پار تھا
تیرے صدقے سے نَجِیُّ اللہ کا بجرا تر گیا
تیری آمد تھی کہ بیَتُ اللہ مُجرے کو جھکا
تیری ہیبت تھی کہ ہر بُت تھر تھرا کر گر گیا
مومن اُن کا کیا ہوا اللہ اس کا ہو گیا
کافر اُن سے کیا پِھرا اللہ ہی سے پھر گیا
وہ کہ اُس دَر کا ہُوا خَلْقِ خدا اُس کی ہوئی
وہ کہ اس دَر سے پھرا اللہ اُس سے پھر گیا
مجھ کو دِیوانہ بتاتے ہو میں وہ ہشیار ہوں
پاؤں جب طوفِ حرم میں تھک گئے سر پھر گیا
رَحْمَۃٌ لِّلْعَا لَمِیْن آفت میں ہُوں کیسی کروں
میرے مولیٰ میں تو اِس دل سے بلا میں گھر گیا
میں تِرے ہاتھوں کے صدقے کیسی کنکریاں تھیں وہ
جن سے اتنے کافروں کا دَفعتاً مُنھ پھر گیا
کیوں جنابِ بُوہُریرہ تھا وہ کیسا جامِ شِیر
جس سے سَتّر صَاحبوں کا دودھ سے مُنھ پھر گیا
واسطہ پیارے کا ایسا ہو کہ جو سُنّی مَرے
یُوں نہ فرمائیں تِرے شاہد کہ وہ فاجر گیا
عرش پر دُھومیں مچیں وہ مومن صالِح مِلا
فرش سے ماتَم اُٹھے وہ طَیِّب و طاہِر گیا
اللہ اللہ یہ عُلُّوِ خاصِ عبدیت رضاؔ
بندہ ملنے کو قریب حضرتِ قادِر گیا
مقطع
ٹھوکریں کھاتے پِھرو گے اُن کے دَر پر پڑ رہو
قافلہ تو اے رضاؔ اَوّل گیا آخر گیا

Kalam Details

Bahr Bahr-e-Ramal Musamman Mahzoof
Radif ا
Total Ashaar 16
Total Misra 32
Writer Aala Hazrat Imam Ahmed Raza Khan
Book Hadaiq-e-Bakhshish
Category Hamd
Topics Allah