Naat Academy Naat Academy
Get App WhatsApp
Naat

Arsh-e-Haqq Hai Masnad-e-Rifat Rasoolallah Ki

عرشِ حق ہے مسندِ رِفعت رسول اللہ کی

Urdu Kalam
مطلع
عرشِ حق ہے مسندِ رِفعت رسول اللہ کی
دیکھنی ہے حشر میں عزّت رسول اللہ کی
قبر میں لہرائیں گے تا حشر چشمے نُور کے
جلوہ فرما ہوگی جب طلعت رسول اللہ کی
کافروں پر تیغِ والا سے گِری برقِ غضب
اَبر آسا چھا گئی ہیبت رسول اللہ کی
لَا وَرَبِّ الْعَرْش جس کو جو مِلا ان سے ملا
بٹتی ہے کونین میں نعمت رسول اللہ کی
وہ جہنم میں گیا جو اُن سے مستغنی ہوا
ہے خلیل اللہ کو حاجت رسول اللہ کی
سُورج اُلٹے پاؤں پلٹے چاند اِشارے سے ہو چاک
اندھے نجدی دیکھ لے قدرت رسول اللہ کی
تجھ سے اور جنّت سے کیا مطلب وہابی دُور ہو
ہم رسول اللہ کے جنّت رسول اللہ کی
ذِکر روکے فضل کاٹے نقص کا جویاں رہے
پھر کہے مردک کہ ہوں امّت رسول اللہ کی
نجدی اُس نے تجھ کو مہلت دی کہ اس عالم میں ہے
کافر و مرتَد پہ بھی رحمت رسول اللہ کی
ہم بھکاری وہ کریم اُن کا خدا اُن سے فُزُوں
اور نا کہنا نہیں عادت رسول اللہ کی
اہلِ سنّت کا ہے بیڑا پار اَصحابِ حضور
نجم ہیں اور ناؤ ہے عترت رسول اللہ کی
خاک ہو کر عشق میں آرام سے سونا مِلا
جان کی اِکسیر ہے اُلفت رسول اللہ کی
ٹُوٹ جائیں گے گنہگاروں کے فوراً قید و بند
حشر کو کھل جائے گی طاقت رسول اللہ کی
یاربّ اِک ساعت میں دُھل جائیں سیہ کاروں کے جرم
جوش میں آجائے اب رحمت رسول اللہ کی
ہے گل باغ قُدُس رُخسارِ زَیبائے حضور!
سر وِ گلزارِ قدم قامت رسول اللہ کی
مقطع
اے رضاؔ خود صاحبِ قرآں ہے مَدَّاحِ حضور
تجھ سے کب ممکن ہے پھر مِدحت رسول اللہ کی

Kalam Details

Bahr Bahr-e-Hazaj Musamman Salim
Radif ی
Total Ashaar 16
Total Misra 32
Writer Aala Hazrat Imam Ahmed Raza Khan
Book Hadaiq-e-Bakhshish