Naat Academy Naat Academy
Get App WhatsApp
Naat

Salaam Shauq Naseem Bahaar Keh Dena

سلام شوق نسیم بہار کہہ دینا

Urdu Kalam
مطلع
سلام شوق نسیم بہار کہہ دینا
مرا حضور سے سب حال زار کہہ دینا
سجودِ شوق کی اک آرزو ہے مدت سے
تڑپ رہا ہے دل بے قرار کہہ دینا
دئے ہیں سوزشِ غم نے وہ داغ سینے پر
تپک رہا ہے دلِ داغ دار کہہ دینا
جو دھجیاں ہیں گریبانِ زیست کی تن پر
ہوا ہی چاہتی ہیں تار تار کہہ دینا
ہمیں ملے جو اجازت تو سر کریں قرباں
حضور اب نہیں اٹھتا یہ بار کہہ دینا
یہ عرض کرنا کہ تنہا نہیں خلیؔل ملول
ہیں خادم آپ کے سب بے قرار کہہ دینا
وہ شہسوار کہ جس نے پہاڑ روندے تھے
پڑا ہوا ہے سرِرہ گزار کہہ دینا
وہ گلعذار کہ پھولوں سے کھیلتا تھا کبھی
وہ دشمنوں کے گلے کا ہے ہار کہہ دینا
وہ عندلیب کہ تھی جس کی لحن داؤدی
بلادِ غم کا ہوا ہے شکار کہہ دینا
وہ تاجدار کہ تھا میرِ کاروانِ جہاں
بھٹک رہا ہے برنگِ غبار کہہ دینا
وہ نوبہار کہ جس سے بہارِ عالم تھی
اب اُس پہ چھائی خزاں کی بہار کہہ دینا
وہ نامدار کہ جس کی پکار تھی سب میں
ہے آج سب کی نگاہوں میں خوار کہہ دینا
وہ گلستان میں عنادل کے چہچہے نہ رہے
اجڑ چکا چمن روزگار کہہ دینا
نہ اب وہ شوکت و حشمت نہ دبدبہ اپنا
نہ اب وہ شان نہ عز و وقار کہہ دینا
نہ خیر خواہ کوئی ہے نہ ہمنوا کوئی
نہ کوئی مونس و ہمدم نہ یار کہہ دینا
نہ یہ کہ ہم سے کدورت ہے دشمنوں کو فقط
ہے دوستوں کے بھی دل میں بخار کہہ دینا
غرض کہ حال وہ ہے جیسے زیرپا آتش
جگر ہے زخمی تو سینہ فگار کہہ دینا
ہے مختصر کہ یہ رودادِ غم، سنا دینا
غرض کہ جیسے ہیں لیل و نہا کہہ دینا
یہ روکے کہنا کہ سرکار کی دہائی ہے
کہ ایک دل میں ہیں ناسور ہزار کہہ دینا
تمہیں سے آس لگائی ہے غم کے ماروں نے
تمہیں سنو گے ہماری پکار کہہ دینا
تمھاری ایک نگاہِ کرم میں سب کچھ ہے
تمہیں وہ حق نے دیا اختیار کہہ دینا
ادھر تو نامۂ اعمال میں نہیں نیکی
اُدھر ہے سر پہ گناہوں کا بار کہہ دینا
دکھانے آئے ہیں بس زخم دل تمھارے حضورﷺ
وگرنہ تم پہ ہے سب آشکار کہہ دینا
حضورﷺ آپ جو گستاخیاں معاف کریں
تو اذن چاہتے ہیں گُنْہَ گار کہہ دینا
ملے اجازتِ رخصت تو چوم لینا زمیں
سلامِ شوق بھی ہاں بار بار کہہ دینا
مقطع
خلیؔل زار کی جانب سے پھر ہزار سلام
بڑے ادب سے بصد انکسار کہہ دینا

Kalam Details

Bahr Bahr-e-Mujtass Musamman Makhboon Mahzoof
Arkaan مفاعلن فَعِلاتن مفاعلن فَعِلن
Radif کہہ دینا
Zameen بحر: مجتث مثمن مخبون محذوف؛ ردیف: کہہ دینا
Sanf سلام
Script Urdu
Total Misra 52
Writer Mufti Muhammad Khaleel Barkati
Book Jamal-e-Khaleel
Category Naat
Topics Salaam

نعت فرہنگ

6 words

Naat Academy Dictionary (لغت) & Vocabulary Reference

کرم

Karam

مہربانی اور بخشش

280 Kalam
Dictionary

شوکت

Shaukat

جلال، دبدبہ اور عظمت

19 Kalam
Dictionary

تاج والا؛ عظیم بادشاہ

22 Kalam
Dictionary

حضور

Huzoor

باعظمت موجودگی؛ ادب کا خطاب

102 Kalam
Dictionary

آقا و مولا کے لیے تعظیمی خطاب

115 Kalam
Dictionary

آرزو

Aarzoo

خواہش اور تمنا

24 Kalam
Dictionary