Naat Academy Naat Academy
Get App WhatsApp
Naat

Hirz-e-jaan Zikr-e-Shafaat Kijiye

حرزِ جاں ذکرِ شفاعت کیجیے

Urdu Kalam
مطلع
حرزِ جاں ذکرِ شفاعت کیجیے
نار سے بچنے کی صورت کیجیے
اُن کے نقشِ پا پہ غیرت کیجیے
آنکھ سے چھپ کر زیارت کیجیے
اُن کے حُسنِ با ملاحت پر نثار
شیرۂ جاں کی حلاوت کیجیے
اُن کے در پر جیسے ہو مٹ جائیے
ناتوانو! کچھ تو ہمّت کیجیے
پھیر دیجے پنجۂ دیوِ لعیں
مصطفیٰ کے بل پہ طاقت کیجیے
ڈوب کر یادِ لبِ شاداب میں
آبِ کوثر کی سباحت کیجیے
یادِ قامت کرتے اٹھیے قبر سے
جانِ محشر پر قیامت کیجیے
اُن کے در پر بیٹھیے بن کر فقیر
بے نواؤ! فکرِ ثروت کیجیے
جس کا حُسن اللہ کو بھی بھا گیا
ایسے پیارے سے محبّت کیجیے
حَیِّ باقی جس کی کرتا ہے ثنا
مرتے دم تک اس کی مدحت کیجیے
عرش پر جس کی کمانیں چڑھ گئیں
صدقے اُس بازو پہ قوّت کیجیے
نیم وا طیبہ کے پھولوں پر ہو آنکھ
بلبلو! پاسِ نزاکت کیجیے
سر سے گرتا ہے ابھی بارِ گناہ
خم ذرا فرقِ ارادت کیجیے
آنکھ تو اٹھتی نہیں کیا دیں جواب
ہم پہ بے پُرسش ہی رحمت کیجیے
عذر بد تر از گنہ کا ذکر کیا
بے سبب ہم پر عنایت کیجیے
نعرہ کیجے یَا رَسُوْلَ اللہ! کا
مفلسو! سامانِ دولت کیجیے
ہم تمھارے ہو کے کس کے پاس جائیں
صدقہ شہزادوں کا، رحمت کیجیے
مَنْ رَّاٰنِیْ قَدْ رَأَی الْحَقّ جو کہے
کیا بیاں اس کی حقیقت کیجیے
عالِمِ علمِ دو عالَم ہیں حضور
آپ سے کیا عرض حاجت کیجیے
آپ سلطانِ جہاں ہم بے نوا
یاد ہم کو وقتِ نعمت کیجیے
تجھ سے کیا کیا اے مِرے طیبہ کے چاند
ظلمتِ غم کی شکایت کیجیے
در بہ در کب تک پھریں خستہ خراب
طیبہ میں مدفن عنایت کیجیے
ہر برس وہ قافلوں کی دھوم دھام
آہ سُنیے اور غفلت کیجیے
پھر پلٹ کر منھ نہ اُس جانب کیا
سچ ہے اور دعوائے الفت کیجیے
اقربا حُبِّ وطن بے ہمتی
آہ کس کس کی شکایت کیجیے
اب تو آقا منھ دکھانے کا نہیں
کس طرح رفعِ ندامت کیجیے
اپنے ہاتھوں خود لٹا بیٹھے ہیں گھر
کس پہ دعوائے بضاعت کیجیے
کس سے کہیے کیا کیا کیا ہو گیا
خود ہی اپنے پر ملامت کیجیے
عرض کا بھی اب تو منھ پڑتا نہیں
کیا علاجِ دردِ فرقت کیجیے
اپنی اک میٹھی نظر کے شہد سے
چارۂ زہرِ مصیبت کیجیے
دے خدا ہمّت کہ یہ جانِ حزیں
آپ پر واریں وہ صورت کیجیے
آپ ہم سے بڑھ کے ہم پر مہرباں
ہم کریں جرم آپ رحمت کیجیے
جو نہ بھولا ہم غریبوں کو رضؔا
یاد اس کی اپنی عادت کیجیے
مقطع
حدائقِ بخشش

Kalam Details

Bahr Bahr-e-Ramal Musaddas Mahzoof
Arkaan فاعلاتن فاعلاتن فاعلن
Radif کیجیے
Zameen بحر: رمل مسدس محذوف؛ ردیف: کیجیے
Sanf نعت
Script Urdu
Total Misra 67
Writer Aala Hazrat Imam Ahmad Raza Khan
Book Hadaiq-e-Bakhshish
Category Naat
Topics Naat

نعت فرہنگ

6 words

Naat Academy Dictionary (لغت) & Vocabulary Reference

اللہ تعالیٰ کی عظیم ترین مخلوق اور بلند مقام

211 Kalam
Dictionary

کوثر

Kausar

جنت میں حضور ﷺ کو عطا کیا گیا حوض

84 Kalam
Dictionary

مدینہ منورہ کا مبارک نام

200 Kalam
Dictionary

شفاعت

Shafaat

قیامت میں بخشش کے لیے سفارش

92 Kalam
Dictionary

محشر

Mahshar

قیامت میں جمع ہونے کا میدان

155 Kalam
Dictionary

بخشش

Bakhshish

معافی اور عطا

232 Kalam
Dictionary