Naat
Mustafa Khair Al-wara Ho
مصطفیٰ خیرُ الوریٰ ہو
Urdu Kalam
مطلع
مصطفیٰ خیرُ الوریٰ ہو
سَرورِ ہر دو سَرا ہو
اپنے اچھوں کا تَصَدُّق
ہم بدوں کو بھی نباہو
کس کے پھر ہوکر رہیں ہم
گر تمھیں ہم کو نہ چاہو
بَد ہنسیں تم اُن کی خاطر
رات بھر رو و کراہو
بد کریں ہر دم بُرائی
تم کہو اُن کا بھلا ہو
ہم وہی ناشستہ رُو ہیں
تم وہی بحرِ عطا ہو
ہم وہی شایانِ رد ہیں
تم وہی شانِ سخا ہو
ہم وہی بے شرم و بد ہیں
تم وہی کانِ حیا ہو
ہم وہی ننگِ جفا ہیں
تم وہی جانِ وفا ہو
ہم وہی قابل سزا کے
تم وہی رحمِ خدا ہو
چرخ بدلے دہر بدلے
تم بدلنے سے ورا ہو
اب ہمیں ہوں سہو حاشا
ایسی بھولوں سے جُدا ہو
عمر بھر تو یاد رکھا
وقت پر کیا بھولنا ہو
وقتِ پیدائش نہ بھولے
کَیْفَ نَیْسٰی کیوں قضا ہو
یہ بھی مولیٰ عرض کر دوں
بھول اگر جاؤ تو کیا ہو
وہ ہو جو تم پر گراں ہے
وہ ہو جو ہر گز نہ چاہو
وہ ہو جس کا نام لیتے
دشمنوں کا دل بُرا ہو
وہ ہو جس کے رد کی خاطر
رات دن وقفِ دُعا ہو
مر مٹیں برباد بندے
خانہ آباد آگ کا ہو
شاد ہو ابلیسِ ملعوں
غم کسے اِس قہر کا ہو
تم کو ہو وَاللہ! تم کو
جان و دل تم پر فدا ہو
تم کو غم سے حق بچائے
غم عَدُوّ کو جاں گَزا ہو
تم سے غم کو کیا تعلّق
بے کسوں کے غم زِدا ہو
حق دُرودیں تم پہ بھیجے
تم مُدام اُس کو سراہو
وہ عطا دے تم عطا لو
وہ وہی چاہے جو چاہو
بر تو او پاشَد تو بر ما
تا ابد یہ سلسلہ ہو
کیوں رضؔا مشکل سے ڈریے
جب نبی مشکل کُشا ہو
مقطع
حدائقِ بخشش
Kalam Details
Bahr
Bahr-e-Hazaj Murabba Mahzoof
Arkaan
مفاعیلن فعولن
Radif
ہو
Zameen
بحر: ہزج مربع محذوف؛ ردیف: ہو
Sanf
نعت
Script
Urdu
Total Misra
55
Writer
Aala Hazrat Imam Ahmad Raza Khan
Book
Hadaiq-e-Bakhshish