Naat
Zameen Ta Charkh-e–e-bareen Farishtay Har Ek Nafs Ko Pukaar Aaye
زمیں تا چرخِ بریں فرشتے ہر اک نفس کو پکار آئے
Urdu Kalam
مطلع
زمیں تا چرخِ بریں فرشتے ہر اک نفس کو پکار آئے
گناہگارو! مناؤ خوشیاں شفیعِ روزِ شمار آئے
وہ نورِ اوّل سراپا رحمت عطا کے پیکر خدا کی نعمت
وہ مونس و غم گسار بن کر دکھی دلوں کے قرار آئے
چمن نے کی آبرو نچھاور گلوں نے سجدے کیے قدم پر
نقاب الٹے گہر لٹاتے وہ جب سوئے لالہ زار آئے
بشر کی تشہیر کرنے والو! نہ اٹھ سکا تم سے بارِ احساں
کہ خاکیوں کی اس انجمن میں وہ عرش کے تاج دار آئے
جہانِ خاکی کے تیرہ بختو تباہ کارو خطا شعارو
کچھ اس طرح جاؤ آبدیدہ کہ ان کی رحمت کو پیار آئے
کہیں نہ کھل جائے چشمِ نرگس کہیں نہ برپا ہو حشر کا دن
زمیں پہ تارِ نظر سے چلنا حبیب کا جب دیار آئے
میں اس کی ہر اک ادا پہ ارؔشد کروں عقیدت سے دل نچھاور
شہہِ مدینہ کے در پہ جاکر جو اپنی ہستی سنوار آئے
مقطع
عرب سے بغداد کی زمیں تک نجف سے اجمیر کی گلی تک
ہزار ناموں سے ان کو ارؔشد کہاں کہاں ہم پکار آئے
Kalam Details
Bahr
Bahr-e-Jameel Musamman Salim
Arkaan
مَفاعلاتن مَفاعلاتن مَفاعلاتن مَفاعلاتن
Radif
آئے
Zameen
بحر: جمیل مثمن سالم؛ ردیف: آئے
Sanf
نعت
Script
Urdu
Total Misra
16
Writer
Allama Arshad Al-Qadri
Book
Izhar-e-Aqeedat